• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاشورہ جلوس کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں،ٹی این ایف جے

کوئٹہ (این این آئی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر انجینئر ہادی عسکری اور سیکرٹری اطلاعات طارق احمد جعفری نے کہا ہے کہ مجالس و جلوس و عزاداری میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں۔ وطن کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دیں گے لیکن اپنے عقیدے پرسمجھوتہ نہیں کریں گے،کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے استحکام و دفاع کیلئے راہ حسین اختیارکرنا ہوگی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں یوم عاشور کے جلوس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے۔یہ بات انہوں نے پیر کو مجالس عزا سے خطاب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی بات کرنے والی حکومت کا مکتب تشیع کو نظر انداز کرنا افسوسناک ہے ۔ پاکستان اسلامی جمہوریہ ہے لہذا سب کا احترام اور سب کو ساتھ لے کر چلنا آئینی و اخلاقی تقاضہ ہےاور ہم مشترکہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بناسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ بات قابل تشویش ہے کہ بہت سے بیگناہ پرامن اور عزت دار شہریوں کے نام جن کا کالعدم گروپوں سے کوئی تعلق نہیں فورتھ شیڈول میں ڈال دیئے گئے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے لہذا اس زیادتی کا ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ سپیکر کا غلط استعمال اور اشتعال انگیزی اور منافرت پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی سربلندی ،وطن عزیز کے دفاع اور شیعہ سنی اخوت و یگانگت کے فروغ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
تازہ ترین