• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف اسٹریٹیجک آفیسر شفقت نغمی نے ذمے داریاں سنبھالنے کے چند ماہ بعد ہی اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا ہے اور خاموشی سے گھر چلے گئے۔

شفقت نغمی، ڈاکٹر نسیم اشرف کے دور میں چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔وہ سنیئر بیورو کریٹ تھے اور انہیں سرکاری محکموں سے کوآرڈینیشن کے لئے رکھا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ انتظامیہ کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات کی وجہ سے انہوں نے ذمے داریاں چھوڑ دیں۔

پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ شفقت نغمی نے گذشتہ ماہ اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا۔

لیکن ترجمان نے وجہ بتانے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ شفقت نغمی اور پی سی بی مشترکہ طور پر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وہ پی سی بی سے علیحدہ ہوجائیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ احسان مانی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد شفقت نغمی کو ملازمت پر رکھا تھا لیکن ان سے کام نہیں لیا جارہا تھا۔

دوسری جانب پی سی بی مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ نے کریٹیو کے شعبے کے لئے ایک شخص کوایک ماہ کے لئے کنسلٹنٹ مقرر کیا۔

کنسلٹنٹ کو مارکیٹنگ شعبے نے ایک ماہ کی ادائیگی 17لاکھ روپے کی،لیکن اس کے بعد کریٹیو ڈیزائن اینڈ کمیونی کیشن کنسلٹنٹ کے عہدے کا اشتہار دے دیا گیا ہے۔

پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ ٹی وی سے وابستہ ایک شخص کو ایک ماہ کے لئے کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا،جس کے بعد اس عہدے کا اشتہار دے دیا گیا۔لیکن ترجمان نے سترہ لاکھ روپے تنخواہ کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سال اگر کوئی کھلاڑی قائد اعظم ٹرافی کے دس،  قومی ٹی ٹوئنٹی کے پانچ اور پاکستان کپ ون ڈے کے پانچ میچ کھیلتا تو اس کا معاوضہ کریٹیو کنسلٹنٹ کے ایک ماہ کے مساوی ہوتا۔

تازہ ترین