مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کا حال ق لیگ سے بھی بدتر ہوگا۔
لاہور میں بیگم کلثوم نواز کی پہلی برسی پر تعزیتی ریفرنس سے احسن اقبال نے دھواں دار خطاب کیا۔
تقریب میں سینیٹر آصف کرمانی، سینیٹر پرویز رشید اور ملک پرویز نے بھی اظہارِخیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگلا سال نئے انتخابات کا سال ہے، ترقی کا راستہ کوٹ لکھپت کی طرف ہی نکلتا ہے، یقین ہے مصنوعی دور جلد ختم ہوجائے گا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ معیشت کا یہی حال رہا تو ہمیں اپنی خود مختاری کا سودا کرنا پڑ سکتا ہے، نااہل اور ناتجربہ کار دل تو بہلا سکتے ہیں کار یا جہاز نہیں چلا سکتے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے تو آج تک یونین کونسل نہیں چلائی، وہ سازش سے وزیر اعظم بن گئے، ملکی سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اقتصادی محاذ پر ہچکولے کھا رہاہے، حکومت نے ایک سال میں معاشری ترقی کا عمل کریش کرکے معاشی تنزلی کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
سینیٹر آصف کرمانی نے کہا کہ ووٹ کی عزت اور حرمت کی پاداش میں نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف دور میں بیگم کلثوم نواز نے تن تنہا آمریت کا مقابلہ کیا۔
پرویز رشید اور ملک پرویز کا کہنا تھا کہ نوازشریف جلد جیل سے باہر ہوں گے، انہیں وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری سونپنے سے ہی ملک ایشین ٹائیگر بنے گا۔