• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واقعہ کربلا ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے، سید احمد ترمذی

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہیلی فیکس جامعہ الزھرا فرانس سٹریٹ میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی جماعت اہل سنت برطانیہ و ناؑظم اعلیٰ جامعہ الزھرا فرانس سٹریٹ پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا۔ نواسہ رسولؐ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے لازوال اور بے مثال قربانی پیش کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، انہوں نے کہا کہ کربلا کا واقعہ ہمیں اپنے مشن سے محبت، ایثار، قربانی حق کی حمایت و باطل کی مخالفت اور ظلم کے خؒلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہوکر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ بحال کرسکتے ہیں بلکہ دنیا میں انسانیت کے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کرکے پائیدار امن بھی قائم کرسکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالرحمٰن نقشبندی نے کہا کہ سانحہ کربلا تاریخ کے نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت پر مبنی ایک واقعہ ہے جس میں پوری انسانیت کیلئے عظیم درس پوشیدہ ہے۔ انہوں نے جگر گوشہ حیدر بتولؓ امام عالی مقام سیدنا حضرت امام حسینؓ کی دردناک شہادت بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا حضرت امام حسینؓ کی عظیم المرتب قربانی کی یاد کو صدیوں سے منایا جارہا ہے اور آپ کے عقیدت مندوں میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے جبکہ یزید کا نام لینے والا کوئی نہیں، یزید اپنے ظلم و جبر اور غرور کے سبب ہمیشہ کیلئے ختم ہوگیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاری سید زین العابدین نے کہا کہ امام عالی مقامؓ اپنے نانا محمدؐ کے دین پر قربان ہوکر قیامت تک امر ہوگئے اور رہتی دنیا تک پوری انسانیت ان کی عظیم شہادت کو اپنے لئے مشعل راہ بنائے گی۔ علامہ الحافظ سید محمد حیدر ترمذی نے انگلش میں نوجوان کیلئے خصوصی طور پر خطاب کیا اور کہا کہ امام عالی مقامؓ کی عظیم قربانی کی وجہ سے اسلام کا پرچم آج بلند ہے، ان کا کہنا تھا کہ آج حسینؓ جیسے جذبے کی ضرورت ہے تاکہ باطل قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جاسکے۔ تقریب میں مقامی نعت خوان حضرت نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بارگاہ امام عالی مقامؓ میں عقیدت کے پھول پیش کئے۔ آخر میں صدر مرکزی جماعت اہل سنت برطانیہ پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے پوری امت مسلمہ اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی۔
تازہ ترین