• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سال میں ایک سے زائد بار عمرہ کرنے پر دو ہزار ریال بطور اضافی فیس منسوخ کرنے کا سعودی حکومت کا فیصلہ بلاشبہ ایسا قابلِ تعریف اقدام ہے جسے دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ معاشی بحران نے دنیا کے ہر ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ سعودی حکومت نے بھی عمرہ و حج کے ویزوں و سہولتوں کی فیسوں میں اضافہ کیا لیکن اچھی بات ہے کہ برادر ملک نے کچھ پہلوئوں پر نظر ثانی کی ہے۔ سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے بتایا کہ خادم الحرمین شریفین کا یہ اعلان وژن 2030ء کا حصہ ہے جس کے تحت عمرہ زائرین کی تعداد 3کروڑ سالانہ تک پہنچانا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شاہ سلمان نے زیارت، حج اور ٹرانزٹ ویزوں کی تنظیم نو سے متعلق نیا فرمان جاری کیا ہے اسی میں ایک سے زائد بار عمرےکی فیس ختم کی گئی۔ فیصلے کی بدولت مذکورہ وژن کا بڑا ہدف حاصل ہوگا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ سعودی حکومت ہر ادوار میں زائرین و حاجیوں کی میزبانی کے فرائض بحسن خوبی سر انجام دیتی آئی ہے اور اس ضمن میں وقتاً فوقتاً مختلف اقدامات کئے جاتے رہے ہیں۔ زائرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر حرم کی توسیع کئے جانے کے ساتھ سیکورٹی یقینی بناتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے برادر حکومت کی کاوشیں قابلِ قدر ہیں۔ اسی بات کی نشاندہی کرتے ہوئے سعودی وزیر حج نے مزید بتایا کہ سعودی عرب حج اور عمرے کیلئے ویزوں کا دائرہ وسیع سے وسیع تر کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ اس کے تحت زائرین کیلئے ایک طرف خدمات کا دائرہ پھیلایا جا رہا ہے تو دوسری جانب مکہ، مدینہ اور دیگر مقدس مقامات پر جاری تعمیرات کے باوجود سہولتوں کا معیار مزید بہتر بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی حکومت نے بھی برادر ملک سے اضافی عمرہ فیس ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین