کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف پی ایس او کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران الحق کی تعیناتی کرنے پر ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی ہے ، نیب اعلامیہ کے مطابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی تقرری رولز کے خلاف کی گئی ان کی تقرری میں پروفیشنلزم کی بجائے ذاتی پسند اور دوستی کو زیادہ اہمیت دی گئی‘نیب کے مطابق 2013سے2015کے دوران ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے دوران عمران الحق نے اس وقت کے وفاقی وزیر شاہد خاقان سے تعلقات استوار کر لیے تھے جس کی وجہ سے یہ پی ایس او کے چیف ایگزیکٹو بنے اور پھر انھوں نے قومی خزانے کو 13کروڑ 89لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا ،دریں اثنا نیب ذرائع کے مطابق ایل این جی ٹرمینل اور قطر سے ایل این جی کی ڈیل میں نیب خاطر خواہ ثبوت حاصل کرنے میں یکسر ناکام رہا ہے جس کا نیب میٹنگ میں جائزہ بھی لیا گیا‘ اس کے بعد نیب کراچی ریجن نے عمران الحق کا نیا ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی ہے تاہم اس بارے میں بھی حتمی فیصلہ نیب ہیڈ کواٹر سے منظوری کے بعد ہی ہو گا ۔