• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں، شاہد خاقان

تمام ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں


سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے نام خط میں لکھا ہے کہ اسپیکر آفس ذمہ داری نبھانےمیں ناکام رہا ہے ، بلاامتیاز تمام ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں۔

شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ جب تک تمام ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں ہوتے وہ اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے اپنے کھلے خط میں کہا کہ ایم این اے کا دستوری حق ہے کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کی خواہشات کو پیش کرے، اسپیکر کی دستوری ذمہ داری ہےکہ وہ تمام ایم این ایز کی اسمبلی میں حاضری یقینی بنائیں،تاہم انتہائی افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ اسپیکر آفس یہ ذمہ داری نبھانےمیں ناکام رہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جمہوریت عمل سے مضبوط ہوتی ہے محض الفاظ کے اظہار سے نہیں، بطور ایوان کے محافظ و نگہبان اسپیکر قومی اسمبلی کے اقدامات کو بذات خود بولنا چاہیے۔

انہوں نے خط میں کہا کہ میرے پروڈکشن آرڈر اکثر اجلاس کے بعد مجھے موصول ہوئے ہیں، سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں اس حقیقت سے بھی بخوبی آگاہ ہوں کہ آپ کا دفتر حکومت کے دباؤ میں ہے۔

تازہ ترین