• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وہاب ریاض کا طویل دورانیے کی کرکٹ سے غیر معینہ آرام کا فیصلہ

وہاب ریاض کا طویل دورانیے کی کرکٹ سے غیر معینہ آرام کا فیصلہ


پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہاب ریاض نے قائدِ اعظم ٹرافی سے دستبردار ہو کر طویل دورانیے کی کرکٹ سے غیر معینہ مدت تک آرام کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وہاب ریاض کی عمر 34 سال ہے اور پی سی بی کی یہ منطق سمجھ سے بالاتر ہے کہ انہیں غیر معینہ مدت تک آرام دیا گیا ہے اور وہ کب 5 روزہ کرکٹ میں شریک ہوں گے۔

وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سپورٹ اور رہنمائی پر بورڈ کا مشکور ہوں، میں نے یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر اور اپنے اہلِ خانہ سے مشورے کے بعد کیا ہے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ میں طویل دورانیے کی کرکٹ جاری رکھوں، مگر میں نے آج بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری بات سمجھنے پر پی سی بی کا مشکور ہوں۔

وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ میں نے فرسٹ کلاس کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ میں نے اپنی گزشتہ کارکردگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی پی سی بی انہیں ’بی‘ سے ’سی‘ کٹیگری میں رکھنے پر غور کر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر کے خلاف آنے والے ردِعمل کے بعد وہاب ریاض نے یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے اور اس سے قبل مصباح الحق کو اعتماد میں لیا۔

وہاب ریاض نے کہا ہے کہ اس دوران وہ محدود فارمیٹ کی کرکٹ میں شرکت کرتے رہیں گے، ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ کھیلنے کے دوران انہیں طویل دورانیے کی کرکٹ کے لیے اپنی فٹنس کو جانچنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب خود کو طویل دورانیے کی کرکٹ کھیلنے کا اہل سمجھوں گا تو اس فارمیٹ کے لیے ایک بار پھر اپنی دستیابی ظاہر کردوں گا۔

وہ قائدِ اعظم ٹرافی میں سدرن پنجاب کی نمائندگی نہیں کریں گے اس لیے جمعرات کو وہاب ریاض نے قائدِ اعظم ٹرافی سے قبل ٹریننگ سیشن میں شرکت سے گریز کیا۔

وہاب ریاض سے قبل محمد عامر بھی ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں، وہاب ریاض کا پی سی بی سے سینٹرل کنٹریکٹ ہے، وہاب ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور وہ وائٹ بال کرکٹ کھیل کر اپنے کیریئر کو طول دینا چاہتے ہیں۔

سدرن پنجاب ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض نے قائدِ اعظم ٹرافی کے لیے لگائے گیے کیمپ میں رپورٹ نہیں کیا ہے۔

وہاب ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ سے بریک کا فیصلہ پچھلے ماہ کینیڈین لیگ کے دوران کر لیا تھا۔

وہاب ریاض نے 27 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور 83 وکٹیں حاصل کیں، ان کی بہترین بولنگ ایک اننگز میں 63 رنز دے کر 5 وکٹیں ہے۔

قائدِ اعظم ٹرافی کے پہلے میچ میں سلمان بٹ بھی حصہ نہیں لیں گے۔

تازہ ترین