کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروا ئیوں کے دوران 24ملزمان کو گرفتارکرکے انکےقبضے سے اسلحہ،منشیات، گاڑیاں ویگرمسروقہ سامان برآمد کرلیا جبکہ نیوکراچی میں علاقہ مکینوں نے ڈاکو کو پکڑکر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق شیرشاہ پولیس نے ماڑی پورروڈ گلبائی اسکول کے قریب ایک رکشے کوروک کر تلاشی لی تو رکشہ کی پچھلی سیٹ کے نیچے غیرملکی شراب کی 83 بوتلیں برآمد کرکے ر کشے میں سوار 2افرادمحمد یونس اور خالد خان کو گرفتارکرلیا ۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم یونس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کسٹم میں چوکیدار ہے اور اسکے ساتھ دیگر 6ملازمین مومن خان، شیرولی،غلام،حبیب،سہیل احمد اور فیصل نے ملکرکسٹم کے گودام سے شراب نکلواکر دی جوہم فروخت کرنے کے لئے کیماڑی لے جارہے تھے ، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزیدتفتیش شروع کر دی۔
سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس نے بھانجی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں خالوکوکچی آبادی اسکیم 33 سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم گھر آئی بھانجی کوزیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہوگیا تھا ،جس کامقدمہ متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں درج ہے ،ملزم اور اس کے خاندان کا تعلق ساہیوال سے ہے اور خدشہ ہے کہ وہ ساہیوال ہی فرار ہوگیا ہے۔
اے وی ایل سی ایسٹ زون پولیس نے موٹر سائیکل لفٹرجمشید اور ظفر حسین ،اورنگی ٹاون پولیس نے ملزم عادل،گلشن اقبال پولیس نے ملزم صادق ،ابراہیم حیدری پولیس نے 3موٹر سائیکل لفٹر، سکھن پولیس نے منشیات فروش فضل حکیم اور امین عرف ملا ،میمن گوٹھ پولیس نے 2منشیات فروش ،سر سیدٹاون پولیس نے منشیات فروش احمد سلطان ، جبکہ کرائے داری ایکٹ کے تحت 3افرادمرسلین،حنیف،ڈاکٹر سلیم اور ساو نڈ سسٹم ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ملزم سلمان عابد ، اقبال مارکیٹ پولیس نے ڈکیت گروہ کے سرغنہ کاشف اور کورنگی پولیس نے گٹکا فروشی کے الزام میں وقاص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ جرائم ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،منشیات،موٹرگاڑیاں ویگرمسروقہ سامان برآمد کیا گیا ہے ۔
بلال کالونی تھانے کے سامنے نیوکراچی سیکٹر 5ایل میں لوٹ مار کرنے والے ایک ملزم کو علاقہ مکینوں نے پکڑکر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ملزم کاساتھی موقع سے فائرنگ کرتے ہوئے موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا۔