• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوشش ہوگی سری لنکا کیخلاف بہترین کھلاڑی میدان میں اتاریں، سرفراز


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کسی بھی کپتان کے لیے سب سے زیادہ اہم یہ بات ہے کہ بورڈ کے ساتھ اس کے روابط کیسے ہیں، کوشش ہوگی کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں بہترین کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جائے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ کپ کے ساتھ ان کی قیادت کی مدت مکمل ہوئی تھی اور وہ اس حوالے سے مطمئن تھے کیوں کہ انہیں یقین تھا کہ جو بھی ہوگا اچھا ہوگا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ کپتان کی مدت کا تعین کرنا ان کا ڈومین نہیں، ابھی انہیں وائٹ بال کرکٹ کی کپتانی ملی ہے، بورڈ جس کو بھی بہتر سمجھے گا اسکو ریڈ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کردے گا۔

سرفراز نے کہا کہ ان کے لیے سب سے اہم بات بطور کپتان بورڈ کے ساتھ روابط ہے۔ ورلڈ کپ میں بھی بورڈ کے ساتھ ان کا مسلسل رابطہ تھا اور وہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے تھے۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ دو اہم فاسٹ بولرز کی طویل مدت کی کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد اب دیکھنا ہوگا کہ وکٹ ٹیکنگ بولرز کون ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یاسر شاہ کے ساتھ بھی ایک سپورٹنگ اسپنر کو ٹیم میں شامل کرنا ہوگا۔

ایک سوال پر وکٹ کیپر بیٹسمین نے بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کے فیصلے کو بھی سراہا اور کہا کہ بابر ان کے ساتھ سلپ پر فیلڈنگ کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی بابر اعظم سے کافی اچھی ہم آہنگی ہے وہ پہلے بھی اکثر اوقات بابر سے مشورہ لیا کرتے تھے۔

تازہ ترین