سابق صدر آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے امریکی دوروں کے اخراجات کا وزیرِ اعظم عمران خان کے دوروں پر خرچ سے موازنہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللّٰہ خان نیازی نے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللّٰہ خان نیازی نے سابق صدر آصف زرداری اور وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے ساتھ موجودہ وزیرِ اعظم عمران خان کے دورِ اقتدار کے دوران واشنگٹن اور نیویارک کے دوروں کی الگ الگ تفصیلات جاری کی ہیں۔
سیف اللّٰہ خان نیازی کے مطابق آصف زرداری 2009ء میں واشنگٹن گئے تو ان کے دورے پر 7لاکھ 52 ہزار 6 سو 68 ڈالرز کا خرچہ آیا۔
نواز شریف نے 2013ء میں واشنگٹن کا قصد کیا تو ان کے اس دورے پر 5 لاکھ 49 ہزار 8 سو 53 ڈالرز خرچ ہوئے۔
سیف اللّٰہ خان نیازی کا کہنا ہے کہ جب وزیرِ اعظم عمران خان 2019ء میں واشنگٹن گئے تومحض 67 ہزار 1سو 80ڈالرز میں ان کا دورہ مکمل ہو گیا۔
چیف آرگنائزر پی ٹی آئی کا مزید کہنا ہے کہ آصف زرداری 2012ء میں نیویارک گئے تو وہ اپنے دورے پر غریب قوم کے 13 لاکھ 96 ہزار ڈالرز خرچ کر آئے۔
سیف اللّٰہ نیازی نے کہا کہ نواز شریف 2016 ء میں نیویارک گئے تو ان کے اس دورے پر 11 لاکھ 13 ہزار ڈالرز کے اخراجات ہوئے۔
انہوں نے بتایا ہے کہا کہ نون لیگ کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی 2017ء میں نیویارک گئے تو وہ 7 لاکھ 5 ہزار 19 ڈالرز خرچ کر آئے۔
سیف اللّٰہ نیازی نے مزید کہا ہے کہ عمران خان چند دن میں نیویارک جائیں گے تواندازاً 1 لاکھ 62 ہزار 5 سو 78 ڈالرز خرچ ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ زرداری اور نواز حکومتیں مسلسل قوم کی پشت پر قرضوں کا بوجھ بڑھاتی رہی ہیں، دونوں جماعتوں کی قیادت ٹیکس گزاروں کا پیسہ اپنی عیاشیوں پر لٹاتی رہی ہیں۔