• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارسلونا میں پاکستانی بچوں میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے تقریب

بارسلونا (شفقت علی رضا) آل پاکستان فیملی ایسوسی ایشن، اظہار ایسوسی ایشن اور پیس فار پیس کے زیراہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی بارسلونا کے نواحی علاقے اوسپتالیت میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس کا مقصد پاکستانی بچوں میں حصول تعلیم اور تعلیم کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا، پروگرام میں والدین اور بچوں نے شرکت کی۔ پروگرام میں پاکستانی خاندانوں کے لیے تحائف بھی رکھے گئے تھےاور پروگرام میں شریک ہر بچے اور فیملی کو تحائف سے نوازا گیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض یہان رفیع اور فضہ نور نے ہسپانوی اور اردو زبان میں سرانجام دئیے۔ پروگرام میں حمد و نعت، ملی نغمے پیش کیے گئے جب کہ حجاب اسجد نے ہسپانوی زبان میں محرم الحرام اور امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے خاندان کی قربانیوں کے متعلق خوب صورت الفاظ میں بیان کیا جب کہ بچوں نے جموں و کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے علاوہ رائیسہ طاہر نے استاد کے احترام میں تقریر کی، بچوں نے مختلف کھیل پیش کرنے کے علاوہ پاکستانی خواتین کے اس معاشرے میں انضمام اور ہسپانیہ کی تاریخ کے متعلق سوال و جواب دیئے، ممبر کول بلانک لا توراسا اور مختلف مذاہب پر مشتمل فورم ہسپتالت کی ممبر ماریا اور قونصل جنرل بارسلونا ڈاکٹر عمران علی چوہدری نے تقریب سے خطاب کیا اور منتظمین کی اس کاوش کو سراہتے ہوے منتظمین کو مبارکباد دی کہ انہوں نے پاکستانی فیملیز کو اکٹھا کیا۔ قونصل جنرل بارسلونا کا کہنا تھا کہ ہماری کمیونٹی کے لیے اس قسم کے پروگرام بہت اہمیت کے حامل ہیں جن سے ناصرف بچوں کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ تعلیمی میدان میں بھی ترقی کے دروازے کھلیں گے۔ ٹیکسی سیکٹر کی نمائندگی چوہدری شہباز کھٹانہ نے کی۔ انہوں نے بھی پاکستانی بچوں کی تعلیم پر زور دیا اور منتظمین کی پاکستانی بچوں کے لئیے اس کاوش کو سراہا۔ پروگرام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات پر چوہدری شہباز کھٹانہ، اولگا گومیس، ماریا، ڈاکٹر عرفان مجید راجہ اور بیگم طاہر رفیع کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر عرفان مجید راجہ، علی رشید بٹ، طاہر رفیع اور مہر محمد ارسلان نے اختتامی کلمات ادا کئے اور آنے والی تمام فیملیز، اور میونسپل کمیٹی ہسپتالت کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین