• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی تیل تنصیبات پر حملہ: امریکا تحمل کا مظاہرہ کرے، روس، چین

سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات حملے پر امریکا اور ایران کےدرمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر روس کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی ایران کے خلاف سخت کارروائی کی تجاویز ناقابل قبول ہیں، جلدبازی میں اخذ کیے گئے نتائج اور اقدامات خطے میں مزید عدم استحکام کا سبب بنیں گے۔

ترجمان کریملن دیمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ہمارے منفی تاثرات ہیں، خطے کے ممالک اور خطے سے باہر کے ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے جلدباز اقدامات یا نتائج سے باز رہیں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا سبب بنیں۔

روسی وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران سے متعلق جاری امریکی پالیسی کے تناظر میں کشیدگی بڑھانے والے اقدامات غیرتعمیری ہوں گے اور واشنگٹن کی ایران کے خلاف سخت جوابی کارروائیوں کی تجاویز بھی مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔

دریں اثنا سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملے کے حوالے سے چین نے امریکا اور ایران پر تحمل کےمظاہرے پر زور دیاہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جامع تحقیقات کے بغیر ایک دوسرے پر الزام عائد کرنا غیر ذمہ دارانہ ہے، چین کشیدگی بڑھانے والے تمام اقدامات کی مخالفت کرتاہے۔

امید ہے کہ امریکا ایران تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں امن وسلامتی کا تحفظ کرینگے۔ امریکا نے ہفتہ کے روز ہونے سعودی تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملےکی ذمہ داری ایران پر عائد کی تھی۔

جسے ایران نے مسترد کردیاتھا۔ سعودی عرب نے تاحال ڈرون حملے کےذمہ داروں سے متعلق معلومات ظاہر نہیں کی ہیں۔

تازہ ترین