آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
اتوار20؍ صفرالمظفر 1441ھ 20؍اکتوبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

فضل الرحمٰن نے ن لیگ کو کیسے قائل کیا؟ اندرونی کہانی

فضل الرحمٰن نے ن لیگ کو کیسے قائل کیا؟ اندرونی کہانی


اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے اسلام آباد دھرنے کی تفصیلات بتاکر مسلم لیگ ن کو حمایت پر قائل کیا۔

جے یو آئی سربراہ نے ن لیگی قیادت کو چارٹر آف ڈیمانڈ اور دیگر سوالات کے جوابات دے کر مطمئن کیا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے ن لیگی قیادت کے سامنے دعویٰ کیا کہ دھرنے کے لیے 15 لاکھ افراد اسلام آباد لائیں گے، جن میں 80 ہزار سے 1 لاکھ افراد خصوصی یونیفارم میں صرف سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔

ن لیگی قیادت نے حیرت کے ساتھ کہا کہ 15 لاکھ افراد تو بہت زیادہ ہیں، جواباً جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ آپ بے شک 15 لاکھ افراد انگلیوں پر ایک ایک کرکے گن لینا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے ن لیگی قیادت پر واضح کیا کہ دھرنے میں واپسی کا کوئی آپشن نہیں، کسی نے دھرنے میں رکاوٹ ڈالی تو پورے ملک میں کاروبار زندگی معطل کردیں گے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دھرنے کے دوران حتمی مطالبہ ملک میں فوری طور پر نئے شفاف اور آزادانہ انتخابات کا ہوگا، آزادی مارچ کی حمایت کے لئے بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی قیادت کے ساتھ دوبارہ ملاقات کروں گا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ نواز شریف کی ہدایت پر آپ سے ملاقات کی ہے، سابق وزیراعظم دھرنے کی حمایت کی ہدایات دے چکے ہیں۔

ن لیگی قیادت نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی دھرنے میں شرکت کی تفصیلات نواز شریف کی ہدایت کی روشنی میں طے کی جائیں گی۔

گزشتہ روز ن لیگ اور جے یو آئی نے حکومت مخالف ’آزادی مارچ ‘ کی تاریخ مشترکہ طور پر طے کرنے کا اعلان کیا تھا۔

شہباز شریف نے آج سابق وزیراعظم نواز شریف کو مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات پر اعتماد میں لیا۔

قومی خبریں سے مزید