کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا نے سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر مبینہ طور پر ایران کے مبینہ حملے کے ثبوت پیش کرتے ہوئے سیٹلائٹ تصاویر جاری کردیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر ہونے والے حملے کا رد عمل دینے کے لیے تیار ہیں جبکہ اس کے لیے واشنگٹن نے اہداف بھی لاک کرلیے ہیں۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، فی بیرل 71.95ڈالر کا ہوگیا۔
پیر کو ٹوئٹر پر ٹرمپ نے ایران کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ایران نے پہلے بھی امریکی ڈرون طیارہ مار گرایا تھا اور جھوٹ بولا تھا کہ یہ ڈرون ان کی فضائی حدود میں تھا، اب ایران کہتا ہے کہ سعودی عرب پر حملے میں ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، ہم ایران کو دیکھ لیں گے۔
ٹرمپ نے اپنے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ممکنہ طور پر سعودی آئل تنصیبات پر حملے میں ایران ہی ملوث ہے، ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں پہلے سے ہی معلوم ہے تاہم واشنگٹن مزید شواہد چاہتا ہے۔
ہم حتمی طور پر یہ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ حملے کس نے کئے، میں کسی کیساتھ بھی جنگ نہیں چاہتا تاہم ہم کسی کیساتھ بھی جنگ کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔