سوشل میڈیا پر سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی وفات کی جھوٹی خبر پھیلانے والوں کی نشاندہی ہوگئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے آصف اقبال کے مطابق سوشل میڈیا پرکچھ دنوں پہلے مسلم لیگ ق کےصدراور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیلانے پر تین ملزمان کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم نے چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی
غلام رسول، شیراز علی اور علی شہزاد گجرات کے رہائشی ہیں۔ تینوں ملزمان سے تحقیقات کی جارہی ہیں، جس کےبعد مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ظہور الہی پیلس کے انچارج سیف اللہ خالد نے گوجرانوالہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو چوہدری شجاعت حسین سے متعلق جھوٹی خبر پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی استدعا کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: کارکنوں کی دعاؤں سے مکمل طور پر ٹھیک ہوں
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ جھوٹی خبر سے نہ صرف چوہدری شجاعت کے خاندان کو صدمہ پہنچا بلکہ ان کی شہرت اور سیاسی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
چوہدری شجاست کے انتقال کی جعلی خبر:
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر چوہدری شجاست حسین کے انتقال کی خبر وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد اُن کے اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ چوہدری شجاعت حسین سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنےوالی خبر بے بنیاد ہے جبکہ وہ جرمنی میں زیر علاج ہیں اور ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے، وہ مکمل علاج کروا کر جلد وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما مونس الہٰی کی جانب سے بھی تصدیق گئی تھی کہ چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت بہت بہتر ہے، افواہوں پرکان نہ دھرا جائے۔