• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: پاکستانی ہائی کمیشن کا ویڈیوز، آڈیوز کی تصدیق سے گریز

لندن: پاکستانی ہائی کمیشن کا ویڈیوز، آڈیوز کی تصدیق سے گریز


ویڈیو اسکینڈل کے مرکزی کردار ناصر بٹ نے کہا ہے کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سابق جج ارشد ملک کی ویڈیوز اور آڈیوز کی تصدیق سے گریز کر رہا ہے۔

ناصر بٹ فارنزک رپورٹ کی تصدیق کے لیے آج دوبارہ پاکستانی ہائی کمیشن پہنچے۔

یہ بھی پڑھیے:جج ارشد ملک کی ویڈیوز، آڈیوز حقیقی اور مستند قرار

اس موقع پر انہیں ہائی کمیشن کے استقبالیے پر ہی روک لیا گیا، ہائی کمیشن کے حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ رپورٹ کی تصدیق کے لیے پاکستانی وزارت خارجہ کی اجازت درکار ہے۔

ناصر بٹ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن ویڈیوز کی فارنزک رپورٹس کی تصدیق سے انکار کر رہا ہے۔

دستاویزات کی تصدیق نہ ہونے پر پہلے انہوں نے نون لیگی کارکنوں کے ہمراہ ہائی کمیشن کے باہر دھرنا دیا اور پھر مایوس ہوکر واپس چلے گئے۔

ناصر بٹ کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہائی کمیشن کا رپورٹس کی تصدیق نہ کرنا انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ اس معاملے کا نوٹس لے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستانی ہائی کمیشن فرانزک رپورٹ کی تصدیق نہیں کرتا تو بھی اس رپورٹ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آج برطانوی ڈیجیٹل فارنزک آرگنائزیشن نے سابق جج ارشد ملک کی ویڈیوز اور آڈیوز کو حقیقی اور مستند قرار دیا ہے۔

تازہ ترین