• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلط کردہ سیاسی کلچر نے قوم کو عملی سیاست سے دور کردیا‘عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ اچھے کی امید انہی سے رکھی جاتی ہے جو عوام کی بھرپور تائیدوپذیرائی کے ساتھ اقتدار میں آئے ہوں۔ چور دروازوں سے اقتدار میں آنے والے نادیدہ قوتوں کے مطلوبہ اہداف کے تحفظ و حصول کے لئے قوم پر مسلط کئے جاتے ہیں۔ جھوٹے خواب دکھا کر مقصد اقتدار ہی کو سب کچھ سمجھ لینے والے نہ کبھی عوام کے خیرخواہ ہوئے نہ ہی کبھی ایسا ہوگا اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ ملک پر جب بھی غیر عوامی تائید یافتہ حکمران مسلط کئے گئے عوام کے معاشی و سیاسی استحصال میں اسی مناسبت سے تیزی آئی اور عوام کو اضافی ٹیکسوں اور مہنگائی کی چکی میں پس کر رکھ دیا گیا۔ تبدیلی سرکار کا ملک پر مسلط کیا جانا انہی آمرانہ طرز حکمرانی کا تسلسل ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ جن معاشروں میں عوامی آراء کو جوتے کی نوک پر رکھ کر متنازع فیصلے مسلط کئے جاتے رہے ہیں وہاں ترقی و خوشحالی اندھے کا خواب بن کر رہ جاتا ہے جسے کبھی تعبیر نہیں ملتی۔ قوم آج جس بے چینی و بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہے ایسا تو سقوط ڈھاکہ کے بعد بھی نہیں ہوا۔ ہٹ دھرمی اور تنگ نظری سے بھرپور مسلط کردہ یہ سیاسی کلچر قوم کو عملی سیاست سے دور کررہا ہے اور یہ سب کچھ عوام کو جمہوریت سے متنفر کرنے کی سازشوں کا حصہ ہے اگر اس غیر سیاسی طرزحکمرانی کا تسلسل یونہی برقرار رکھا گیا تو سیاست صرف اقتدار کا حصول اور سیاسی انتقام کی تکمیل کا ٹوپی ڈرامہ بن کر رہ جائے گی اور حقیقی عوامی حاکمیت کی بحالی کی جدوجہد محض ایک مذاق بن کر رہ جائے گی۔
تازہ ترین