• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بھارت نے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں‘

’بھارت نے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں‘


صد آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست کے اقدام سے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑادیں۔

قومی پارلیمنٹرین کانفرنس برائے کشمیر سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی اقدام کا مقصد مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی میں محاصرے کا آج 45واں روز ہے، 45 دن سے مقبوضہ وادی کا رابط منقطع ہے، مقبوضہ وادی میں ادویات سمیت اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔

مسعود خان نے یہ بھی کہا کہ قابض بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھارہی ہیں، وادی کا بچہ بچہ کہہ رہا ہے ہم بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا بھی بھارتی مظالم کو تسلسل کے ساتھ بے نقاب کررہا ہے، نہتے کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے نجات دلانے کے لیے مزید سفارتی اقدام اٹھانا ہوں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی جارحانہ عزائم کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔

کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق، ن لیگ رہنما احسن اقبال، چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام، ایم کیو ایم کے بیرسٹر سیف، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں پارلیمان کی تمام سیاسی جماعتوں نے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سفارتی محاذ پر مؤثر اقدامات اور فیصلوں کی ضرورت پر زور دیا۔

سیاسی قائدین نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں اور ہر محاذ پر کشمیر کا مقدمہ آگے بڑھ کر لڑیں گے۔

تازہ ترین