اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بلوچستان سے ’را‘ کے افسر کی گرفتاری انتہائی تشویشناک اورہمارے مؤقف کی تائید ہے ، کوئی ملک امن اور دوستی کی کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھے،تفتیش کیلئے ایران سے مدد لیں گے ، حساس اداروں کی کاوشوں سے ملک دشمن نیٹ ورک توڑا گیا۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ گرفتاری سے پاکستان کے اس موقف کی تائید ہوتی ہے کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی ملک خطے میں امن اور دوستی کی کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھے۔وزیرداخلہ نے پا کستا ن کے حساس اداروں کی کارکردگی کولائق تحسین قرارہے جنکی کاوشوں سے اس ملک دشمن نیٹ ورک کو توڑا گیا۔چوہدری نثار نے کہا کہ اس معاملے کی مفصل تفتیش ہونا ابھی باقی ہے اور تفتیش کے سلسلے میں حکومت ایران سے بھی مدد مانگی جائیگی۔