• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے صوبے میں تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور ان عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہماری نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والوں کی جگہ جیل میں ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ متعلقہ ادارے اور پولیس مل کر ایسے عناصر کی بیخ کنی کریں جبکہ انسداد منشیات فورس سے بھی مکمل کوآرڈینیشن رکھی جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں اور یہ دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہو ں نے کہا کہ اس ناسور کے خاتمے کے لئے تیزی سے موثر کارروائی کی جائے گی جبکہ صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کے مشن میں متعلقہ اداروں کو فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔

تازہ ترین