• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق، کپتان سرفراز احمد ، نائب کپتان بابر اعظم اور دیگر کرکٹرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے شائقین نے ہمیشہ کرکٹ مقابلوں کو یادگار بنایا ہے، امید ہے جمعے سے شروع ہونے والی سیریز میں بھی اہلیان کراچی روایتی جوش و خروش کا مظاہرہ کریں گے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ میں قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی قیادت ان کےکیریئر کا یادگار لمحہ ہوگا اور وہ جمعہ کو سری لنکا کیخلاف پہلے ایک روزہ میچ کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کراچی میں جمعہ کو تاریخ رقم ہونے جارہی ہے، وہ فینز سے کہیں گے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ انہوں نے 10 سال قبل کراچی میں ہونے والا آخری ون ڈے کھیلا تھا، اب دس سال بعد یہاں دوبارہ ون ڈے ہورہا ہے اور وہ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں،  یہ اُن کے لیے کافی جذباتی لمحہ ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ کراچی کے تماشائیوں نے ہمیشہ ہی بڑی تعداد میں گراؤنڈ کا رخ کرکے ٹیموں کو سپورٹ کیا، انٹرنیشنل سیزن کے آغاز میں امید ہے کہ کراچی کا کراؤڈ بڑی تعداد میں ٹیم کو سپورٹ کرے گا۔

نوجوان کرکٹر شاداب خان نے کہا کہ انہوں نے پی ایس ایل فائنل میں کراچی میں جوش سے بھرپور ہاؤس فل اسٹیڈیم دیکھا، خواہش ہے کہ جمعہ سے شروع ہونے والی سیریز میں بھی فینز اِس ہی جوش اور ولولے کا مظاہرہ کرے جس کا مظاہرہ پاکستان سپر لیگ میں کیا گیا تھا۔

بابر اعظم نے کہا کہ وہ بطور نائب کپتان اس میچ کو کافی اہم سمجھتے ہیں اور خواہش ہے کہ اس اہم میچ کو فینز یادگار بنادیں۔

نوجوان بیٹسمین نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچز کے موقع پر ہاؤس فل نیشنل اسٹیڈیم دیکھا تھا، خواہش ہے کہ اب کی بار دوبارہ ایسا ہی ہاؤس فل اسٹیڈیم ہو۔

تازہ ترین