وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر کے دوران ہال میں شیم شیم بھارت کے نعرے گونجے، ایسا آج تک نہیں ہوا۔
ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ اقوام متحدہ کے باہر ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی اور کشمیریوں نے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ تقریر سے پہلے 4 نکات کے بارے میں طے کیا گیا، ذوالفقار علی بھٹو کے بعد کسی کو عزت ملی ہے تو وہ عمران خان ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان کی فارن پالیسی کے چیلنجز بے پناہ ہیں، ہم کئی محاذ پر لڑ رہے ہیں، پاکستانی قوم یکجا ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اپنے مفادات کے لیے کھڑے ہیں، دوسری طرف قوم پاکستان کے لیے کھڑی ہوگئی ہے، ہم نہیں چاہتے خطہ کسی تنازع سے دو چار ہو، بھارتی فوج نے آج بھی 6 کشمیریوں کو شہید کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم چاہتےہیں افغانستان میں مذاکرات سے معاملات حل ہوں، امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدہ طے ہو گیا تھا، ہماری خواہش ہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات بحال ہوں۔