وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جدوجہد میں اونچ نیچ آتی ہے،کشمیری ان شاءاللہ اپنی جنگ آزادی جیتیں گے۔
اسلام آباد ائرپورٹ پر پرتپاک استقبال کرنے والے کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہاکہ نریندر مودی کی فاشسٹ اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت کو ہر فورم پر بے نقاب کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کو مایوس نہیں ہونا،انہیں برے وقت میں گھبرانا نہیں ہے کیونکہ کشمیر ی آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دعائیں کرنے پر پوری قوم خصوصاً بشریٰ بیگم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیر اعظم عمران خان سات روزہ امریکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچے۔
اسلام آباد ایئر پورٹ پر ان کے استقبال کےلیے وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، مشیر خاص فردوس عاشق اعوان، سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور ہزاروں کارکن موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے: نیویارک: وزیراعظم کی7 روزہ مصروفیات ایک نظر میں
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں جہاں وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے دلائل کے ساتھ رکھا ،وہیں دنیا کو خطے میں زیر گردش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔