• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان سات روزہ امریکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں ۔

اسلام آباد ایئر پورٹ پر ان کے طیارے نے لینڈنگ کی ہے، اس وقت ہزاروں کارکنان ان کے استقبال کے لیے موجود ہیں۔

وزیر اعظم وطن واپس پہنچ گئے


عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تاریخی خطاب کے بعد براستہ جدہ وطن واپس پہنچےہیں۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر اعظم نیویارک سے پاکستان کے لیے روانہ

عمران خان کے استقبال کے لیے وفاقی کابینہ کے وزراء ، مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان ، اسد عمر، و دیگر پی ٹی آئی رہنما و کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود ہیں۔

وزیراعظم 21ستمبرکواقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلیے نیویارک پہنچے تھے۔

نیویارک: وزیراعظم کی7 روزہ مصروفیات ایک نظر میں

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں جہاں وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے دلائل کے ساتھ رکھا ،وہیں دنیا کو خطے میں زیر گردش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

عمران خان نے مسئلہ کشمیر ،اسلامو فوبیا، منی لانڈرنگ اور موسمیاتی تبدیلی پر دو ٹوک انداز میں پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھا،ساتھ ہی سب سے بڑی جمہوریت کے دعوے دار بھارت کی انتہاپسندی اورعالمی قیادت کی معاشی مفادات کےلیے انسانیت سوز خاموشی پر بھی ضرب لگائی۔

انہوں نے جنرل اسمبلی خطاب میں واضح کیا کہ دو جوہری طاقتیں جنگ کے قریب ہیں،اقوام متحدہ نے کچھ نہ کیا تو اس کے نتائج سنگین اور دونوں پڑوسی ملکوں کی سرحدوں سے باہر تک محسوس کیے جائیں گے۔

نیویارک کے 7 روزہ طویل دورے سے قبل عمران خان نے 19 ستمبر سے سعودی عرب کا 2 روزہ دورہ کیا ،جس میں عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں،وہ سعودی ولی عہد کے خصوصی طیارے کے ذریعے امریکا پہنچے تھے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے عالمی رہنمائوں ،میڈیا اور دیگر کئی فورمز پر مسئلہ کشمیر ،بھارتی جارحیت ، پاک ،بھارت کشیدگی ،دہشت گردی ، افغان امن مذاکرات سمیت امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر کھل کر بات کی ۔

اس دوران عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ،ترک صدر رجب طیب اردوان، ایرانی صدر حسن روحانی ، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن،برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سمیت کئی عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کی۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے 5 اگست کے اقدام ،وادی میں جاری کرفیو، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں ،خطے میں بڑھتی کشیدگی سے عالمی رہنمائوں کو آگاہ کیا۔

عمران خان نے عالمی قیادت پر واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان وجہ تنازع بنا ہوا ہے ، اقوام متحدہ کو اپنی قرار دادوں کے تناطر میں اسے حل کرنا چاہیے۔

امریکی صدر نے ملاقات میں عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمے کےلئے بھارتی وزیراعظم سے بات کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں یہ انکشاف بھی کیا تھاکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کو سعودی تیل کمپنی آرمکو پر حملے سے پیدا کشیدہ صورتحال میں ایران سے بات چیت کا مینڈیٹ بھی دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی موثر سفارت کاری کے باعث ترک صدر نے مقبوضہ کشمیر کا ایشو اقوا م متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اٹھایا،جس پر عمران خان نے رجب طیب اردوان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کا اجلاس ہوا ،جس میں بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اٹھانے اور انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے امریکی تھنک ٹینک سے خطاب کیا اورپاک بھارت کشیدگی ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ،پاک امریکا تعلقات، افغان امن مذاکرات ، افغان طالبان اور اقوام متحدہ کے کردار پراظہار خیال کیا۔

عمران خان نے نفرت انگیز تقاریر کے تدارک کے موضوع پر ترک صدر کے ساتھ کانفرنس کی میزبانی کی اور بین الاقوامی کمیونٹی پر مثالوں سے واضح کیا کہ اسلام اور مسلمان کیا ہیں، مسلمان اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے کتنی محبت کرتے ہیں اور دہشت گردی کا مذہب خاص طور پر اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے صاف الفاظ میں کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں مذہبی شخصیات اور کتابوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، اس کے تدارک کے لیے موثر فورم اقوام متحدہ ہے۔

اس دوران پاکستان، ترکی اور ملائیشیا نے اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنےکے لیے خصوصی انگریزی چینل متعارف کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

تازہ ترین