• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری رہائی کمیٹی کاقائدین کی رہائی کیلئے احتجاجی شیڈول کا اعلان

ملتان (سٹاف رپورٹر)آصف زرداری رہائی کمیٹی نے قائدین کی رہائی اور جھوٹے مقدمات کے خاتمہ کے لیے احتجاجی شیڈول کا اعلان کردیا کمیٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر اور بانی سلیم الرحمٰن میو نے ملتان میں دیگر عہدیداران مغیث شہزادہ بھٹو،سلیم شہزاد،نذیر کاٹھیا،ملک سعید اختر،داؤد خان خلجی،ملک تنویر اعوان،ملک ظفر اقبال اعوان،اعجاز بھٹی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جھوٹے الزامات اور مقدمات کےذریعے پیپلز پارٹی کےلیڈروں کی کردار کشی کے سد باب کیلئے جدوجہد کا آغاز کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق 2اکتوبر کو میانوالی میں کمیٹی کے مرکزی صدر صداقت اللہ خان نیازی سابق سیشن جج کی سربراہی میں میانوالی پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔ اسی طرح 4اکتوبر کو اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا جس میں پنجاب بھر سے جیالے شریک ہوں گے ۔7اکتوبر کو ملتان میں احتجاجی مظاہرہ 8اکتوبر کو مظفر گڑھ میں احتجاجی کیمپ 10اکتوبر کو علی پور 12اکتوبر کو پھر ملتان اور 15اکتوبر کو بہاولپور میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ 16اکتوبر کو لاہور میں پنجاب بھر کے عہدیداران کا اجلاس ہو گا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا ۔سلیم الرحمٰن میو نے کہا کہ آصف زرداری جیل میں علیل ہیں ۔ڈاکٹری رپورٹس کے باوجود انہیں علاج کی سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔ حکمران انتقام میں اندھے ہوچکے ہیں۔ خواتین کا احترام بھی نہیں کیا جا رہا ۔فریال تالپور کو بھی گرفتار کرکے آصف زرداری کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو قابل مذمت ہے۔
تازہ ترین