ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ ملک کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز ہے، 4 سال خدمت کا موقع ملنے پر شکر گزار ہوں۔
ایک بیان میں انہوں نے نئے تعینات ہونے والے مندوب منیر اکرم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہم عالمی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورے کے لیے جو تعریف ملی اس پر خوشی ہے، خواہش تھی کہ وزیراعظم کے کامیاب دورے پر سفارتکاری کی میعاد ختم کرتی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ میں تقرر و تبادلوں کی منظوری دی جس کے مطابق ملیحہ لودھی کی جگہ سینئر سفارتکار منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا گیا ہے۔
ملیحہ لودھی کو فروری 2015ء میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مندوب مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے وفاق میں حکومت کے تبادلے کے باوجود اپنی خدمات جاری رکھیں۔
منیر اکرم اس سے قبل 2002ء سے 2008ء کے دوران 6 سال تک اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے تعینات رہ چکے ہیں۔