• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی کی تعریف،کیس کا فیصلہ اسی ماہ سنا دینگے،چیف جسٹس

اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی تعریف سے متعلق کیس کا فیصلہ رواں ماہ سنا دیا جائے گا۔ گزشتہ روز عمر قید کے دورانیہ کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وکیل اعظم نذیر تارڑ نے سات رکنی لارجر بینچ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 7اے ٹی اے کے اطلاق سے متعلق کیس پر سماعت مکمل کرکے چھ مہینے سے فیصلہ محفوظ ہے،اس وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں اور انسداد دہشت گردی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کا ٹرائل متاثر ہورہا ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ فیصلہ اس ماہ سنا دیا جائے گا۔ دریں اثناءچیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے عمر قید سے متعلق کیس میں ریمارکس دیئے کہ عمر قید کا تعین انتہائی حساس اور اہم معاملہ ہے عمر قید کے کیس کیلئے رات تین بجے سویا اور رات کو مختلف ممالک کے کیسز کاموازنہ کیا ہے ، ہزاروں لوگ عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں ہم اس کیس کو بغیر وقفے کے سنیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سپریم کورٹ میں عمر قید کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس کی سربراہی میں7رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت پاکستان بار کونسل کیس میں فریق بننے کی استدعا کی، چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا پاکستان بار کونسل کو عمر قید ہوئی ہے ؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہزاروں لوگ عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں ، پہلے طے کر لیں کہ کس نے بحث کرنی ہے ، ہم اس کیس کو بغیر وقفے کے سنیں گے۔
تازہ ترین