احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری نے بتایا کہ میری شوگر لو ہو جاتی ہے، دل کی بیماری ہے، ڈاکٹر نے اسپتال شفٹ کرنے کا کہا ہے، کچھ ہو گیا تو یہ لوگ ڈیڑھ دو گھنٹے میں اسپتال بھی نہیں پہنچا سکیں گے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آصفہ بھٹو کو آصف زرداری سے جیل میں ملاقات نہ کرانے پر دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت میں آصف علی زرداری کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ آصف زرداری جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، تاہم عدالتی حکم کے باوجود آصفہ بھٹو زرداری کی ان کے والد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی۔
اس موقع پر سابق صدر نے بتایا کہ میری شوگر لو ہو جاتی ہے، دل کی بیماری ہے، میرے ڈاکٹر نے مجھے اسپتال منتقل کرنے کے لیے کہا ہوا ہے، مجھے کچھ ہو گیا تو یہ ڈیڑھ دو گھنٹے میں اسپتال بھی نہیں پہنچا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: دعائیں مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہیں: زرداری
عدالت میں وکیل نے کہا کہ پچھلی دفعہ جب زرداری صاحب کو اسپتال منتقل کیا گیا تو عدالت نے رپورٹ فراہم کرنے کا حکم دیا تھا جو آج تک فراہم نہیں کی گئی۔
احتساب عدالت نے آصفہ بھٹو کو اپنے والد آصف زرداری سے جیل میں ملاقات نہ کرانے پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔