• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکار و پروڈیوسر امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ اُن کا کوئی مذہب نہیں ہے، وہ صرف ایک ہندوستانی ہیں۔

مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر بِگ بی کے نام سے مشہور بھارتی اداکار و پروڈیوسر امیتابھ بچن نے اپنے ایک پروگرام میں اِس بات کا انکشاف کیا کہ اُن کا تعلق کسی بھی مذہب سے نہیں ہے بلکہ وہ صرف ایک ہندوستانی ہیں۔

امیتابھ بچن نے اپنے پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں کہا کہ میرے خاندان یا ’بچن‘ کا تعلق کسی بھی مذہب سے نہیں ہے۔

بِگ بی نے بتایا کہ میرا نام سریواستو تھا، جب میرا کنڈر گارٹن میں داخلہ ہو رہا تھا تو میرے والد نے میرا نام تبدیل کر کے بچن کر دیا جس کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے اور مجھے فخر محسوس ہوتا ہے کہ میں اپنے خاندان کا پہلا شخص ہوں جس کا نام تبدیل کیا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ جب مردم شماری کرنے والے میرے گھر آتے ہیں او ر مجھ سے میرے مذہب کے بارے میں پوچھتے ہیں تو میں ہمیشہ اُن کو یہی جواب دیتا ہوں کہ میرا کسی بھی مذہب سے تعلق نہیں ہے اور میں ایک ہندوستانی ہوں۔

واضح رہے کہ 76 سالہ امیتابھ بچن ناصرف اداکار و پروڈیوسر ہیں بلکہ وہ میزبانی اور گلوکاری بھی کرتے ہیں، اِس کے علاوہ وہ 1984ء سے 1987ء تک بھارتی پارلیمنٹ کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

تازہ ترین