قائدِ حزبِ اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ انسان فسطائی مودی کی قید کا شکار ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر اور لاک ڈاؤن کو 61 روز گزر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے بڑھ کر المیہ یہ ہے کہ دنیا خاموش ہے اور جبر کے شکار افراد کے لیے کچھ نہیں کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج 62 ویں روز بھی بھارتی فوج کی جانب سے لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران کاروبارِ زندگی اور مواصلاتی نظام معطل ہے، جبکہ کشمیریوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔
سرینگر، بڈگام، گاندربل، اسلام آباد، پلوامہ، کلگام، شوپیاں، بانڈی پورہ، بارہ مولا اور کپواڑہ میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیںاور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے سخت سیکیورٹی کے باوجود احتجاج کیا۔
دوسری جانب بھارت نے امریکی سینیٹر کرس وان ہولین کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت دینے سے بھی انکار کر دیا ہے۔