• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھٹو،بینظیرکا پنڈی میں قتل، زرداری ، فریال تالپور کا یہاں ٹرائل ایک ہی سازش کی کڑیاں ہیں،مولا بخش چانڈیو

اسلام آباد ( وقائع نگار )پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا یہ سوال کہ آخر پنڈی میں کیا ہے، کچھ لوگوں کو شرمندہ کر رہا ہے۔ فردوس عاشق اعوان جیسے سیاسی گداگرحقائق مسخ نہیں کر سکتے کیونکہ زوالفقارعلی بھٹو کا راولپنڈی میں عدالتی قتل، بینظیر بھٹو شہید کو قتل کرنے کے لئے پنڈی کا انتخاب اور اب آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا پنڈی میں ہی ٹرائل ایک ہی سازش کی کڑیاں ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے پاس سیاسی انتقام کے لئے نیب اور بدزبانی کے لئے فردوس عاشق اعوان جن کی کوئی ساکھ نہیں،سلیکٹڈ وزیراعظم کی نالائقی کی وجہ سے ملک معاشی بحالی کے بعد تیزی سے سیاسی عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کی تنہائی ایک ناقابل تردید حقیقت ہے، کٹھ پتلی حکومت صوبائی خود مختاری کو نشانہ بنا کر ملکی سا لمیت سے کھیل رہی ہے۔ نیب میں یہ جرات تو نہیں کہ پی ٹی آئی کے وزراءعمران خان کو ہیلی کاپٹر سکینڈل اور کرپشن کے الزامات میں طلب کرے بلکہ نیب کو تو علیمہ خان کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا حوصلہ نہیں ہے تو پھر کس قانونی اور اخلاقی اصول کے تحت وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو طلب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب پارلیمان کو کمزور کرنے والے عناصر کا چابی والا کھلونا ہے۔

تازہ ترین