ملتان (سٹاف رپورٹر) چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہاہے کہ معیشت کی بہتری اور عوامی مسائل کے خاتمے کیلئے زبانی کلامی دعوؤں اور وعدوں کی بجائے اگرعملی اقدامات نہ کئے گئے تو آنے والے دنوں میں حالات مزید خراب ہوجائیں گے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار کا دورہ ملتان بھی بے سود رہا کیونکہ موصوف نے ضلع ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کسی بھی میگا پراجیکٹ کا اعلان نہیں کیا۔جنوبی پنجاب کے عوام کی بدقسمتی یہ ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے منتخب ہوکر اسمبلیوں کی زینت بننے والے ارکان اسمبلی نے عوامی مسائل کے خاتمے کیلئے کام کرنے کی بجائے ذاتی مفادات کو اولین ترجیح دیتے ہوئے آگے بڑھتے رہے ہیں جس کے باعث آج نوبت اس نہج تک آن پہنچی ہے کہ عوام زندگی کی بنیادی سہولیات کو بھی ترس رہے ہیں ۔