• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کا قومی دن موسیقی کے پروگرام کا انعقاد

سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی عرب کے تمام شہروں میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام شاندار تقریبات منعقد کی گئیں۔ جن میں موسیقی ،کھیل و تفریح اور آتش بازی کے شاندار مظاہرے پیش کیے گئے ۔سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے جدہ میں ’’ون انٹرٹینمنٹ ‘‘ کے محمد کنعانی نے جدہ چیمبرز آف کامرس کے وسیع ہال میں موسیقی کا پروگرام ترتیب دیا،جو تین دنوں تک جاری رہا ۔

انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی مشیر نوشین وسیم کے تعاون سے نمائش میں پاکستانی تہذیب وثقافت پہ مشتمل اسٹالز بھی لگایا گیا، جہاں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنےکی اشیاء رکھی گئیں ، جسے سعودی تاجروں، شہریوں اور نمائش میں شریک ہزاروں افراد نے بے حد پسند کیا، یوم الوطنی کے موسیقی پروگرام میں سعودی گلوکاروں اور پاکستانی نوجوان نعیم سندھی نے عربی اور اردو زبانوںمیں گیت گائے ۔

نعیم سندھی نے عربی میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی شان میں عربی میں نغمے اور دل دل پاکستان نغمہ پیش کیا تو ہزاروں سعودیوں اور پاکستانیوں کی تالیوں اور نوجوانوں کے رقص نے محفل کا رنگ دوبالا کردیا ۔پاکستانی اسٹالز پر آ نے والے سعودی افراد نے پاکستان اور سعودی عرب کی دیرینہ دوستی کو سراہا۔ 

گلوکاروں کا تعارف کراتے ہوئے پاکستان جرنلسٹس فورم کے چئیرمین امیر محمد خان نے یوم الوطنی پر مبارک دیتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کی لازوال اور دیرینہ دوستی کا ذکر کیا ۔اس موقع پر انہوں نے پاکستانیوں کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کا شکریہ کرتے ہوئے سعودی عرب اور شاہی خاندان کی درازی عمر کی دعا بھی کی ۔

قومی دن کی تقریب میں پاکستانی پریس قونصلر ارشد منیر نے بھی شرکت کی اور کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم اپنے ہی وطن میں قومی دن منا رہے ہیں ،یہ احساس کسی اور ملک میں نہیں ہوسکتا کیوں کہ پاکستان کے ساتھ مملکت سعودی عرب کے جہاں بہت سے رشتے ہیں وہیں روحانی رشتہ بھی ہےجو کبھی نہ کم ہوسکتا ہے اور نہ کبھی ختم ۔

انہوں نے سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اور جدہ چیمبر آف کامرس کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے پاکستان جرنلسٹس فورم کے ساتھ مل کر خوب صورت تقاریب کا انعقاد کیا تھا۔

تازہ ترین