• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: فائرنگ سے زخمی سب انسپکٹر کی حالت خطرے سے باہر

کراچی میں فائرنگ سے زخمی سب انسپکٹر کی حالت خطرے سے باہر


کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ سوسائٹی میں شاہراہِ قائدین کے خداداد کالونی سگنل پر آج صبح مسلح حملے میں زخمی ہونے والے پولیس افسر سید غوث عالم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس سب انسپکٹر سید غوث عالم شعبہ انویسٹی گیشن ساؤتھ میں تعینات ہیں جو گھر سے سرکاری کام کے لیے اپنی اسلام آباد نمبر پلیٹ کی ٹیوٹا کرولا کار میں کہیں جا رہے تھے۔

بریگیڈ تھانے کی حدود پی ای سی ایچ سوسائٹی میں شارع قائدین کے خداداد کالونی سگنل پر ان کے تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان میں سے ایک نے پستول سے ان پر فائرنگ کی۔

پولیس انسپکٹر نے گاڑی بھگانے کی کوشش کی تو کار ایک رکشے سے ٹکرا کر رک گئی۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک گولی چلائی جس سے گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر موجود سید غوث عالم زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے جن کے ساتھ مبینہ طور پر ایک اور موٹر سائیکل پر بھی مشکوک افراد موجود تھے۔

سید غوث عالم کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ گولی ان کے جبڑے میں لگی اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

سید غوث عالم کراچی میں کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرنے والے سابق ایس ایس پی فاروق اعوان کی ٹیم کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کئی خطرناک اور اہم ملزمان کی گرفتاری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ٹھٹھہ میں رکشے پر فائرنگ، 2 جاں بحق

پولیس حکام کے مطابق واقعہ دہشت گردی لگتا ہے تاہم دیگر پہلوؤں سے بھی اس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین