• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرامن احتجاج کا حق مولانا فضل الرحمٰن کو بھی ملنا چاہیے، بلاول

کورکمیٹی اجلاس کے بعد بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری اور سیاسی جماعت کا حق ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ حق مولانا فضل الرحمٰن کو بھی ملنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر میں کیے گئے وعدے کے مطابق احتجاجی مارچ کے شرکاء کے لیے کھانے کا بندوبست شروع کردیں اور انہیں بریانی کے ساتھ ساتھ کنٹینر بھی فراہم کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کا پہلے دن ہی سے رویہ غیر جمہوری ہے۔ جب حکومت خود پارلیمان کو بند کردے، عدلیہ، میڈیا اور الیکشن کمیشن کا راستہ بھی بند کردے تو اپوزیشن کے پاس احتجاج کے علاوہ باقی کیا راستہ بچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی صوبائی حکومت جمعیت علماء اسلام (ف) کے احتجاج کے سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان ہر جگہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے ساتھ مارچ کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس وقت پی پی پی، پی ایم ایل اور جمعیت علما اسلام (ف) سمیت حزب اختلاف کی تقریباً تمام جماعتیں احتجاج کر رہی ہیں۔ ٹریڈ یونینز، مزدور، ینگ ڈاکٹرز اور دیگر شعبوں کے لوگ راستوں پر نکلے ہوئے ہیں۔ عوام اپنے معاشی حقوق مانگ رہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے جمہوری، معاشی اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کے عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ بھی جاری رہے گا اور وہ رواں ماہ سندھ کا دورہ مکمل کرلیں گے، جبکہ آئندہ ماہ ان کا پڑاؤ پنجاب میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کی برسی کے موقعے پر اس بار بھی کراچی میں عظیم الشان جلسہ عام ہوگا۔

دریں اثناء پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرقیادت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف، سینئر رہنما و سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، نیئر حسین بخاری، فرحت اللہ بابر، شیری رحمان اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تازہ ترین