کراچی (جنگ نیوز)سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس کی سرپرستی میں گٹکے اور ماوے کی کھلے عام تیاری اور فروخت جاری ہے ۔ کلاکوٹ تھانے کی حدود غوثیہ گلی نیوکمہارواڑہ میں بھی چند روز قبل پولیس نے چھاپہ مارکرگٹکابناکرسپلائی کرنیوالےعرفان نامی ملزم کو گرفتار کیا تھاتاہم اسےرشوت لیکر چھوڑدیا گیا ۔ علاقہ مکینوں کا کہناہے کہ تھانہ کلاکوٹ کے دواہلکار رؤف اور شاہ جی علاقے میں گٹکا مافیا کی سرپرستی کررہے ہیں ۔علاقہ مکینوں کے مطابق پولیس گٹکا، ماوا بنانے اور فروخت کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے نمائشی اقدامات کررہی ہے، چند افراد کو گرفتاری کے بعد رشوت لیکر چھوڑدیا جاتا ہے جبکہ پولیس کو یومیہ 5 ہزار بھتہ دینے والوں کو کھلے عام گٹکے کے کاروبار کی اجازت ہے۔ دوسری جانب ایس ایچ اوکلاکوٹ ظفر احمد کا کہنا ہے کہ ایسے کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔