• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے ریڈنگ میں ریلی

ریڈنگ(پ ر) مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریڈنگ ( برکشائر کاؤنٹی ) انگلینڈ ، یوکے میں برٹش کشمیریوں نے ایک ریلی کا انعقاد کیا۔ ریلی مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں سے مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرنا تھا جو گزشتہ کئی ہفتوں سے مشکلات اور محاصرے کا شکار ہیں جبکہ عالمی برادری کی توجہ اس اہم مسئلہ کی طرف دلانا تھا کہ بھارت کی مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں پر کرفیو نافذ کر رکھا ہےاور وہاں کی سیاسی قیادت جیلوں میں بند ہے جبکہ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ایک کروڑ کشمیری گزشتہ کئی ہفتوں سے گھروں میں نظربند ہیںاور انہیں انٹر نیٹ اور موبائل فون سروس کی سہولت سے بھی محروم رکھا گیا ہے، اشیائے خوردو نوش اور ادویات بھی ناپید ہیں۔ ریڈنگ شہر میں نکالی گئی کشمیر فریڈم ریلی میں سلاؤ برکشائر انگلینڈ سے پی ٹی آئی کشمیر یوکے کے مرکزی رہنماء و کوآرڈینیٹر یوکے و یورپ چوہدری محمد شعبان،سابق مشیر حکومت آزاد جموں و کشمیر، مسلم کانفرنس برطانیہ کے چیف آرگنائزر راجہ محمد اسحاق خان، برٹش کشمیر کونسل ( یوکے ) کے چیئرمین چوہدری محمد افضل،ساجد جنجوعہ کشمیری ترجمان جموں کشمیر رائٹرز فورم ( یوکے ) کے علاوہ دیگر شریک تھے۔ شرکاء بھارت کی مودی سرکار کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانے اور حق خودارادیت سمیت کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
تازہ ترین