• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جمپ اسٹارٹ

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) بیرون ممالک بسنے والے پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے قائل کرنے کیلئےPakistan jump startیکم نومبر سے آٹھ نومبر تک لاہور اور اسلام آباد میں (L.I.F.T)پاکستان کے نام سے کانفرنسز کا انعقاد کرنے جارہے ہیں جس میں بین الاقوامی سطح پر اثر و رسوخ رکھنے والے افراد، کارپوریٹ، طلبا، ماہرتعلیم کی شرکت متوقع ہے جن کو پاکستان میں تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی، سیروسیاحت، زراعت، انجینئرنگ اور دیگر انڈسٹریز میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا جائے گا۔ Pakistan jump startکی ٹیم برطانیہ کے مختلف شہروں میں پاکستانی کمیونٹی کے سرمایہ کاروں اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کو اس بارے میں مکمل آگاہی دینے میں مصروف ہے۔ اس حوالے سے مانچسٹر کے برٹش مسلم ہیریٹیج سنٹر میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پرJump Start Pakistanکے چیئرمین امجد پرویز کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک بسنے والے پاکستانی مادروطن میں 20بلین ڈالر کا زرمبادلہ بھیجتے ہیں، اہداف دوسو بلین ہونا چاہئے ہمیں سوچنا چاہئےکہ برطانیہ میں رہ کر ہم پاکستان کے لئے کیا کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب انہیں اس منصوبے میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی تو انہوں نے پوری جانچ پڑتال کی کہ آیا یہ ممکن ہوگا جب انہیں لگا کہ یہ ہر لحاظ سے ممکن ہے تب وہ اس کا حصہ بنے۔ ماں دھرتی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور ایک عظیم ملک بنانے کے لئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ جمپ سٹارٹ کے مینجنگ چیف ایگزیکٹو سید اسد حسین نے دستاویزی فلم دکھا کر لفٹ پاکستان کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی انیل مسرت کا کہنا تھا کہ جب وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقتدار سنبھالا معیشت زبوں حالی کا شکار اور ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر کھڑا تھا، اب ہر چیز بہتری کی طرف جارہی ہے۔ جمپ سٹارٹ پاکستان کے تحت مادروطن کے تمام شعبہ جات کے اندر سرمایہ کاری کے سنہری مواقع موجود ہیں۔ برطانیہ، یورپ اور دیگر ممالک میں بسنے والے پاکستانی سرمایہ کاروں کو وہاں جاکر صنعتیں لگانی چاہئے، یقین دلاتا ہوں حکومت پاکستان ہرممکن سہولت فراہم کرےگی۔ مانچسٹرقونصلیٹ میں تعینات قائم مقام قونصل جنرل و کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فضہ نیازی نے برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کو ہر طرح کی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر کے دروازے کمیونٹی کے لئے کھلے ہیں۔ تقریب میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بھرپور شرکت کی اور دی گئی معلومات کو مفید اور حوصلہ افزا قرار دیا۔

تازہ ترین