• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں مودی کا خاندان بھی محفوظ نہیں، بھتیجی کو ڈاکو نے لوٹ لیا

بھارت میں مودی کا خاندان بھی محفوظ نہیں، بھتیجی کو ڈاکو نے لوٹ لیا
دمایانتی بین مودی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بھائی کی بیٹی ہیں۔

نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی بھتیجی کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا اور انہیں قیمتی اشیا، موبائل اور نقدی سے محروم کردیا۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں حالیہ دنوں میں راہ زنی کے مختلف واقعات دیکھنے میں آتے رہے ہیں لیکن اس مرتبہ اس کا نشانہ بھارت کے سب سے طاقتور شخص کی بھتیجی بن گئی۔

دمایانتی بین مودی نے نئی دہلی کے علاقے سول لائنز کے پولیس تھانے میں ایک راہ زنی کی رپورٹ درج کروائی ہے۔

انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ موٹر سائیکل پر سوار نہ معلوم افراد نے سول لائنز میں گجراتی سماج بھون کے دروازے سے ان کا پرس چھین لیا۔

اطلاعات کے مطابق دمایانتی بین مودی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بھائی کی بیٹی ہیں۔

دمایانتی کے ساتھ یہ واردات اس وقت پیش آئی جب وہ ہفتے کی صبح بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر سے واپس نئی دہلی آرہی تھیں۔

دیامانتی کا کہنا ہے کہ انہوں نے نئی دہلی میں قیام کے لیے گجراتی سماج بھون میں ایک کمرہ بک کروایا تھا تاہم جیسے ہی وہ اس ہوٹل کے دروازے پر پہنچیں تو نامعلوم ملزمان اُن کا پرس چھین کر فرار ہوگئے۔

انہوں نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ ان کے پرس میں 2 موبائل فون، والیٹ اور اہم دستاویزات کے ساتھ ساتھ 56 ہزار روپے بھی موجود تھے۔

مودی کی بھتیجی کا کہنا تھا کہ انہیں شام میں دوسرے شہر جانا تھا، تاہم دستاویزات چوری ہونے کی وجہ سے وہ کہیں سفر نہیں کر سکتیں۔

ادھر دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

تازہ ترین