• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جسٹن بیبر کو اپنی ہی تصویر شائع کرنے پر مقدمے کا سامنا

کینیڈا سے تعلق رکھنے والے نامور پاپ اسٹار اور اداکار جسٹن بیبر کو اپنی ہی تصویر شائع کرنے پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

جسٹن بیبر عام طور پر تنازعات کی زد میں دکھائی دیتے ہی ہیں تاہم اس مرتبہ ان کے ساتھ ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاپ اسٹار کو انسٹاگرام پر اپنی ہی تصویر شیئر کرنے پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔

کسی دوسرے فوٹو گرافر کی جانب سے بنائی گئی اپنی تصویر کو جسٹن بیبر نے انسٹا گرام پر شیئر کردیا جس نے انہیں مصیبت میں ڈال دیا۔

فوٹوگرافر رابرٹ باربیرا نے مقدمہ دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ یہ ان کی بنائی گئی تصویر ہے جس کے مالکانہ حقوق ان کے پاس ہیں، تاہم جسٹن بیبر نے اس تصویر کو انسٹاگرام پر مارچ کے مہینے میں پوسٹ کیا۔

انسٹاگرام پوسٹ میں شائع اس تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جسٹن بیبر اور ان کے دوست رچ ولکرسن ایک کار سے اتر رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ انہوں نے ایک عبارت بھی لکھی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے دوست کے ہمراہ موجود ہیں۔

تاہم اس پوسٹ میں جسٹن بیبر نے تصویر لینے والے کا نام نہیں بتایا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق باربیرا نے دعویٰ کیا کہ بیبر نے غیر قانونی طریقے سے ان کی تصویر کو استعمال کیا اور اسے دنیا کے سامنے پیش کیا جبکہ وہ اس تصویر کو انسٹاگرام پر پوسٹ کرنے کا اختیار نہیں رکھتے جہاں ان کے 12 کروڑ فالوررز ہیں۔

یہ تصویر اب بھی کینیڈین اسٹار کے اکاؤنٹ پر موجود ہے جس پر 39 لاکھ لوگوں نے پسندیدگی کا رد عمل دیا ہے جبکہ ہزاروں مداحوں نے تبصرہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ اسی طرح کسی دوسرے فوٹو گرافر کی جانب سے لی گئی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر استعمال کرنے کی وجہ سے جینیفر لوپیز کو بھی مقدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں فوٹو گرافر نے ایک لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر ہرجانے کا کیس دائر کیا تھا۔

جینیفر لوپیز نے یہ تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 2017 میں شائع کی تھی جس میں وہ اپنے منگیتر الیکس رودریگاز کے ساتھ ان کا ہاتھ پکڑے کھڑی ہیں۔

ایک سینیئر ماہر قانون کا کہنا ہے کہ اپنی ایسی فوٹو جو دوسروں کی جانب سے لی گئی ہے اسے انسٹا گرام پر شائع کرنے کا معاملاہ بہت پیچیدہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب جسٹن بیبر  Justin Bieber کے نمائندے نے اس حوالے سے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

تازہ ترین
تازہ ترین