کراچی (عبدالماجد بھٹی/ ،اسٹاف رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینٹر بننے کے ساتھ ہی سابق ٹیسٹ اوپنر ندیم خان نے مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے کیلئے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ ندیم خان نے جنگ سے بات چیت میں تصدیق کی ہے کہ ملتان سلطانز کے منیجر کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے اور اپنے فیصلے سے ملتان کے مالک علی ترین کو آگاہ کردیا ہے۔ ندیم خان اس وقت یوبی ایل اسپورٹس کمپلکس کے سربراہ ہیں وہ بدستور یوبی ایل میں ذمے داریاں نبھاتے رہیں گے۔ ندیم خان نے فوری طور پر اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں اور وہ جمعے کو مصباح سے ملیں گے جس کے بعد وہ فیصل آباد جاکر چھ سلیکٹرز سے ملاقات کریں گے۔ان کا تقرر غیر معینہ مدت کے لئے ہوا ہے۔