پیپلزپارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 11 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ جی ڈی اے کے امیدوار کی کامیابی پر پی ٹی آئی کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں مٹھائی بھجوائی ہے۔
لاڑکانہ میں پی ایس 11 کی ضمنی انتخابات میں تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کی جیت کی خوشی پر پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی راجا اظہر، ارسلان تاج، جمال صدیقی کارکنان کے ہمراہ مٹھائی لے کر وزیرِ اعلیٰ ہاؤس پہنچے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کو سندھ کے کروڑوں عوام کی طرف سے مٹھائی دینے آئے ہیں، صوبے میں تبدیلی کا سفر شروع ہوگیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے فریال تالپور کے بھی جلد نااہل ہونے اور پی ایس 10 پر بھی جلد ضمنی انتخاب ہونے اور پی ٹی آئی کے میدان مارنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی ہار کی بڑی وجہ بیڈ گورننس ہے اور عوام صوبے میں تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔