پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں ماں سے ملنے کی سزا دیتے ہوئے چچا نے 4 معصوم بھتیجوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
اوکاڑہ کے گاؤں 40 فور ایل میں چچا کی جانب سے مصوم بچوں پر کیے گئے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
مذکورہ گاؤں کی رہائشی خاتون ناراض ہو کر اپنے میکے چلی گئی تھی، ننھے بچے محبت سے مجبور ہو کر اپنی والدہ سے ملنے چلے گئے تھے جس پر چچا نے واپسی پر بچوں کو باندھ کر، زمین پر لٹا کر اور لٹکا کر ان پر وحشیانہ تشدد کیا۔
بچے روتے رہے لیکن ظالم چچا نے ان کی ایک نہ سنی اور ان پر انسانیت سوز تشدد جاری رکھا۔
یہ بھی پڑھیئے: حمزہ شہباز کی پیشی، نمائندہ ’جیو‘ پر پولیس کا تشدد
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا جس کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی اور اوکاڑہ پولیس نے بچوں پر تشدد کرنے والے ظالم شخص کو گرفتار کر لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ کی زیرِ نگرانی افسوسناک واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ان کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کے متاثرہ بچوں کے گھر والوں سے فوری رابطہ کریں۔