کئی دہائیوں بعد پاکستان پیپلز پارٹی (سعودی عرب) کے صدر چودھری تصور حسین کی وطن واپسی پر جدہ کے مقامی ہوٹل میں ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعے پر چودھری تصور حسین نے ملکی حالات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ تقریب کے شرکاء کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے تشدد اور کشمیریوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی پرزور مذمت کی گئی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیاں ختم کرے۔ تقریب میں ملک جاوید حسین، اسد اکرم، محمد اعجاز، چودھری اظہر شفیق گجر، خالد گجر، زمرد خان سیفی، الیاس مہر، آفتاب ترابی،ملک الیاس اعوان، محمد افضل گوندل، اکرام اللہ کوہلی، کلیم خان،عبدالقیوم اور دیگر نے شرکت کی۔پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے خالد گجر نے تلاوت کی، جبکہ زمرد خان سیفی نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔
شاعرآفتاب ترابی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شرکا ءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے پی پی پی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور تصور حسین چودھری کی کئی دہائیوں پر مشتمل خدمات کاتذکرہ کیا۔اپنے خطاب میں تصور حسین چودھری نے اظہار تشکر کے بعد پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت، ملکی اداروں، افواج پاکستان اور عدلیہ کی تعریف کی جو ملک کی ترقی اور خوش حالی کے اصولوں پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم اور بے بس کشمیریوں کے لیے تقریروں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ آخر میں ملک و قوم، کشمیر کی آزادی اور امت مسلمہ کے لیے دعا کی گئی۔