• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز کے سینٹرل کنٹریکٹ پر فرق نہیں پڑے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو کپتانی سے تو ہٹا دیا ہے مگر ان کی سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹگری میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

پی سی بی کے مطابق سرفراز احمد پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں شامل ہیں۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ سابق کپتان کی سینٹرل کنٹریکٹ کیٹیگری تبدیل کرنے کا کوئی معاملہ زیر بحث نہیں ہے، وہ اے کیٹیگری میں شامل رہیں گے ۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اس کے لیے دستیاب ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی کپتانی سے ہٹادیا گیا ۔

دورہ آسٹریلیا کے لئے اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا ہے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کے سپرد کر دی گئی ہے۔

‏پی سی بی کے مطابق اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 2019-20 کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ‏بابر اعظم کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 تک کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کوٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے ہٹائے جانے پر اُن کے مداح جذباتی ہوگئے اور بطور کپتان ان کے خوشگوار لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر رہے ہیں۔

ناصرف مداح بلکہ سرفراز کی اہلیہ خوشبخت نے بھی سرفراز کی حمایت میں ٹوئٹس کئے اور اُن کی ہمت بندھائی۔

تازہ ترین