• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی کمیٹی اور جے یو آئی قیادت میں پہلا رابطہ

حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت میں پہلا باضابط رابطہ ہوگیا ۔

وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں بنائی گئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جے یو آئی (ف) کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری کو ٹیلیفون کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی کل رات 8 بجے مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کرے گی، مذاکرات پارلیمنٹ لاجز میں جے یو آئی سیکریٹری جنرل کی رہائشگاہ پر ہوں گے۔

مولاناعبدالغفور حیدری نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رابطے کی تصدیق کی اور کہاکہ ہم نے اپنا موقف واضح کردیا ہے ،وہ اس کے باوجود ملنا چاہتے ہیں تو کل شام کی ملاقات طے پائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب دیکھتے ہیں کل کی ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کیا تجاویز اور سفارشات سامنے لاتے ہیں۔

اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا تھاکہ جے یو آئی ف نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے ہیں۔

حکومت نے گزشتہ روز وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا تھا، جس میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،وزیر مذہبی امور نور الحق قادری،اسد عمر ،چوہدری پرویز الٰہی اور وزیر تعلیم شفقت محمود شامل ہیں۔

تازہ ترین