لاہور(خصوصی رپورٹر) قائدتحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ سکالرزیکساں اور ہر طرح کی انتہا پسندی سے پاک نصاب کی تیاری اور پر امن تعلیمی،تحقیقی ماحول پیدا کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ علم حاصل کرنا ہر مومن مسلمان پر فرض ہے،حاصل کئے گئے علم کو اپنے قول و فعل ،گفتار اور کردار میں ڈھالنا سب کی ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل سکالرز کی مرکزی کوآرڈینیشن کونسل کے ذمہ داران کے منعقدہ اجلاس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ اجلاس میں منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور،جوادحامد،شہزاد رسول،علامہ غلام مرتضیٰ علوی،محمد فاروق رانا،نعیم الدین چوہدری،عبدالستار منہاجین،عین الحق بغدادی،اُم حبیبہ،شمائلہ ایڈووکیٹ،محمد سعیداختر،وسیم افضل نے شریک تھے ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان اور عالم اسلام کی ترقی،خوشحالی دین اور دنیا کی یکساں تعلیم کے حصول اور پھر اسے عملاً پریکٹس کا حصہ بنانے میں ہے ۔ علم کو روزگار کا ذریعہ بنانے میں مضائقہ نہیں ہے لیکن حصول علم کا اصل مقصد انسانیت کی خدمت اور فلاح عامہ ہے،اگر یہ مقصدحاصل نہیں ہو گا تو پھر حصول علم کی برکات سے سوسائٹی محروم رہے گی ،انہوں نے کہاکہ اللہ نے امت محمدی کو تعلیم وتعلم،دعوت و تبلیغ،وعظ و نصیحت،اصلاح احوال،اصلاح معاشرہ کے باب میں پیغمبرانہ ذمہ داری تفویض کی ہے ۔