• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان مدت پوری نہیں کر پائیں گے، بلاول بھٹو۔


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان بطور وزیراعظم اپنی مدت پوری نہیں کر پائیں گے، کیونکہ ان میں اتنی صلاحیت ہی نہیں ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی قوتیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ افراد اس کٹھ پتلی حکومت کے خلاف احتجاج پر مجبور ہیں۔

سلیکٹڈ حکومت کے خلاف احتجاج ضرور کریں گے لیکن کسی کو جمہوریت ڈی ریل کرنے نہیں دیں گے۔ کراچی کا جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مقابلے میں ہزار گنا بہتر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے مختلف شعبہ جات بشمول سائبرنائف، پیٹ اسکین، سرجیکل کمپلیکس اور ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کے دورے کے بعد جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی، بیرسٹر مرتضٰی وہاب، جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیں جمالی، پروفیسر طارق محمود اور دیگر موجود تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سائبرنائف سمیت جناح اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا-اس موقع پر ڈاکٹر سیمی جمالی اور پروفیسر طارق محمود نے اسپتال کے مختلف شعبوں اور سہولتوں کے متعلق بریفنگ دی۔

بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا چونکہ ملک کی تمام سیاسی قوتیں اور عوام بشمول تاجر، اساتذہ اور نوجوان ڈاکٹر اس کٹھ پتلی حکومت سے تنگ آچکے ہیں اس لیے انہیں نہیں لگتا کہ عمران خان صاحب اپنی حکومت کی مدت پوری کر پائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حکومت کے خلاف احتجاج کے باوجود وہ جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ معاملات کو مہذب طریقے سے حل کرے کیونکہ ملک چلانے اور کرکٹ میچ کھیلنے میں بہت فرق ہوتا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں چاہیے کہ وہ لوگوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کریں اور لوگوں کے مسائل کو حل کریں، بجائے اس کے کہ وہ نیب اور رینجرز کے ذریعے چھوٹے چھوٹے الیکشنز میں دھاندلی کرواتے پھریں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کا آزادی مارچ اور  پیپلزپارٹی کی کراچی سے کشمور تک مہم اس سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی کے خلاف ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں مارشل لا نافذ کیا گیا تو پاکستان پیپلزپارٹی آمریت کے خلاف اپنا تاریخی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے اس موقع پر سیاسی قوتوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت وقت کے خلاف جدوجہد کرتے وقت اس بات کا خیال ضرور رکھیں کہ کہیں ان کا احتجاج غیر جمہوری قوتوں کو دخل اندازی کا موقع فراہم نہ کردے۔

جناح اسپتال کو پاکستان کا بہترین اسپتال قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا یہ اسپتال پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال سے ہزار گناہ زیادہ بہتر ہے کیونکہ یہاں پر سائبرنائف جیسی سہولت موجود ہے، جسے لوگ میجک نائف یا جادوئی چھری بھی کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں سائبرنائف جیسی صرف 300 مشینیں ہیں جن میں سے ایک جناح اسپتال کراچی میں ہے۔ لیکن جناح اسپتال کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ دنیا کا واحد اسپتال ہے جہاں پر اس مشین کے ذریعے مفت علاج کیا جاتا ہے۔

پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ قلیل وسائل کے باوجود حکومت سندھ نے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر سندھ میں صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی شروع کر دی ہے۔

تازہ ترین