• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ٹی 20کپتان بابر اعظم کیلئے مترجم مقرر کرنے کا فیصلہ

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے دورے میں پاکستان کی ٹی 20کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے لئے پروفیشنل مترجم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


بابر اعظم


اس سلسلے میں آسٹریلیا میں ایک مترجم سے بات چیت چل رہی ہے۔ بابر اعظم عام طور پر پریس کانفرنس میں اردو میں بات کرتے ہیں ۔

حالیہ ورلڈکپ کے دوران پی سی بی کے میڈیا منیجران کی بات چیت کا ترجمہ کرتے تھے۔

بابر اعظم کی کرکٹ اہلیت سے کسی کو انکار ممکن نہیں ہے لیکن کپتان بننے کے بعد وہ آسٹریلوی میڈیا کا کس طرح مقابلہ کریں گے یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے چیلنج ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کے لئے اہلیت کارکردگی ہے انگریزی بولنا نہیں، کھلاڑیوں کو میڈیا ٹریننگ دی جارہی ہے تاکہ وہ بیرون ملک میڈیا کے بائونسرز اور مشکل سوالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکیں۔

آسٹریلیا روانگی سے قبل بابر کے ساتھ کچھ سیشن کئے جائیں گے۔ وہ اردو میں پریس کانفرنس کرتے ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں۔

دنیا میں بڑے بڑے فٹ بالرز بھی انگریزی نہیں بول سکتے ہیں ۔ہم چاہتے ہیں کہ کوئی بھی کھلاڑی جسے انگریزی نہیں آتی ہے وہ اردو میں اعتماد سے بات کرکے اپنا موقف بیان کرے۔ پی سی بی اپنے کپتان اور کھلاڑیوں کو سپورٹ کرے گا۔

ورلڈکپ میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے مترجم سےمذاکرات آخری مرحلے میں ہیں اس کے علاوہ میڈیا منیجر رضا راشد بھی مترجم کے فرائض انجام دے سکتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی پالیسی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر اپنی زبان میں بات کریں۔

25 سالہ بابر اعظم 21ٹیسٹ، 74 ون ڈےاور 33 ٹی ٹوئینٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔

وہ آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی بار قیادت کی ذمہ داری سنبھالیں گے اور آئندہ سال آسٹریلیا ہی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

بابر اعظم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں نمبر ایک بیٹسمین ہیں۔ وہ پاکستان کے اکمل بردران کے فرسٹ کزن ہیں۔

تازہ ترین